ARF Digital

ARF Digital

Share

Contact information, map and directions, contact form, opening hours, services, ratings, photos, videos and announcements from ARF Digital, Media/News Company, Near GPO Layyah, Layyah.

22/09/2026

لیہ کی عارفہ مریم نے ڈیرہ غازی خان بورڈ میں انٹرمیڈیٹ کی پہلی پوزیشن حاصل کرلی
1200 میں سے 1164 نمبر، پری میڈیکل گروپ طالبات میں بھی اول؛ ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر کی عارفہ مریم، والدین اور اساتذہ کو مبارکباد
لیہ: انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان 2026 کے نتائج میں ضلع لیہ کی طالبہ عارفہ مریم نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے ڈیرہ غازی خان بورڈ میں مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار ویمن کوٹ سلطان کی طالبہ عارفہ مریم نے 1200 میں سے 1164 نمبر حاصل کیے جبکہ پری میڈیکل گروپ طالبات میں بھی پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔ڈپٹی کمشنر لیہ آصف علی ڈوگر نے عارفہ مریم کی شاندار کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عارفہ مریم کی کامیابی ضلع لیہ کے لیے باعث فخر ہے اور لیہ کی طالبات نے اپنی ذہانت، محنت اور صلاحیتوں سے تعلیمی میدان میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ لیہ کی بیٹی کا بورڈ بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرنا ضلع بھر کی طالبات کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات دیگر طالبات کے لیے بھی رول ماڈل ہیں اور تعلیمی میدان میں طالبات کی مسلسل نمایاں کامیابیاں خوش آئند ہیں۔آصف علی ڈوگر نے مزید کہا کہ عارفہ مریم کی کامیابی والدین اور اساتذہ کی محنت کا ثمر ہے، جبکہ ایسی کامیابیاں ضلع لیہ کے تعلیمی تشخص کو مزید اجاگر کرتی ہیں۔

22/09/2026

ڈی ایس پی پٹرولنگ لیہ راؤ عمر فاروق کا مختلف پٹرولنگ پوسٹس کا دورہ، روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت
پبلک ٹرانسپورٹ میں QR Panic Button کی تنصیب، اوورلوڈنگ، تیز رفتاری، کم عمر ڈرائیونگ اور بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل کے خلاف مؤثر کارروائی کا حکم
لیہ: ڈی ایس پی پٹرولنگ ضلع لیہ راؤ عمر فاروق نے پٹرولنگ پوسٹ 234/TDA، قاضی آباد اور رفیق آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پوسٹس کے ریکارڈ، ڈیوٹی امور، گشت کے نظام اور مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈی ایس پی راؤ عمر فاروق نے افسران و ملازمان کو عوامی خدمت، روڈ سیفٹی اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے حوالے سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت پولیس کی اولین ترجیح ہونی چاہیے اور تمام روڈ یوزرز کے ساتھ خوش اخلاقی و احترام سے پیش آتے ہوئے شہریوں کو بہترین پولیسنگ سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوں نے پٹرولنگ پوسٹس کے انچارجز کو ہدایت کی کہ ضلع بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کی ہر نشست کے پیچھے QR Panic Button کا کوڈ لازماً چسپاں کروایا جائے تاکہ ہنگامی صورتحال، خطرناک ڈرائیونگ، اوور اسپیڈنگ، اوورچارجنگ یا دیگر شکایات کی صورت میں مسافر فوری اطلاع دے سکیں۔ڈی ایس پی نے اوورلوڈ ٹرکوں اور ٹریکٹر ٹرالیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی، تیز رفتاری و لاپرواہی سے ڈرائیونگ، بغیر ہیلمٹ اور بغیر سائیڈ مرر موٹر سائیکل چلانے، موٹر سائیکل پر تین سواریاں بٹھانے، سکول رکشوں میں اوورلوڈنگ، بغیر لائسنس ڈرائیونگ اور کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف مؤثر کارروائی کی ہدایت کی۔راؤ عمر فاروق نے محکمہ میں زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن میں ملوث کسی بھی ملازم سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے ڈیجیٹل E-Police App کے مؤثر استعمال اور جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے شہریوں کو بروقت سہولیات کی فراہمی اور جرائم کی روک تھام کے اقدامات مزید مؤثر بنانے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے کہا کہ پٹرولنگ پولیس شاہرات پر شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، ٹریفک قوانین پر عملدرآمد اور حادثات کی روک تھام کے لیے اپنی ذمہ داریاں مزید احسن انداز میں انجام دے۔

22/09/2026

لیہ: اے ڈی سی ہیڈ کوارٹر محمد اویس سرور کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں سے ملاقات، مسائل کے فوری حل کے احکامات
شہریوں کو بروقت ریلیف کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی ترجیح ہے، درخواستوں پر بلا تاخیر قانون و میرٹ کے مطابق کارروائی کی جائے، محمد اویس سرور
لیہ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں شہریوں کے مسائل کے فوری حل اور انہیں بروقت ریلیف کی فراہمی کے لیے ضلعی انتظامیہ کی اوپن ڈور پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے۔ اسی سلسلے میں اے ڈی سی ہیڈ کوارٹر محمد اویس سرور نے شہریوں سے ملاقات کرکے ان کے مسائل اور درخواستیں سنیں اور متعلقہ افسران کو مختلف معاملات پر فوری کارروائی کے احکامات جاری کیے۔
اے ڈی سی ہیڈ کوارٹر محمد اویس سرور نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کا بروقت ازالہ اور انہیں زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ متعلقہ افسران شہریوں کی درخواستوں پر بلا تاخیر کارروائی کریں اور جائز مسائل کو قانون اور میرٹ کے مطابق مقررہ مدت میں حل کیا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ عوامی شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کی درخواستوں پر مؤثر فالو اپ یقینی بنایا جائے تاکہ انہیں اپنے مسائل کے حل کے لیے بار بار دفاتر کے چکر نہ لگانا پڑیں۔
محمد اویس سرور نے کہا کہ اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں کو ضلعی انتظامیہ تک براہ راست رسائی فراہم کی جا رہی ہے، جس کا مقصد عوامی مسائل کی بروقت شنوائی، میرٹ پر فیصلوں اور مؤثر حل کو یقینی بنانا ہے۔

22/09/2026

لیہ: کالج روڈ پر تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن، سڑک اور فٹ پاتھ کلیئر کرا دیے گئے
ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر کی ہدایت پر کارروائی، دکاندار مقررہ حدود میں سامان رکھیں، شبیر احمد ڈوگر
لیہ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن **’’تجاوزات سے پاک پنجاب‘‘** پر عملدرآمد تیز کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لیہ آصف علی ڈوگر کی ہدایت پر کالج روڈ پر تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ میونسپل عملہ نے کارروائی کرتے ہوئے سڑک اور فٹ پاتھوں پر قائم مستقل و عارضی تجاوزات کا خاتمہ کردیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز و منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی لیہ شبیر احمد ڈوگر نے کالج روڈ بیوٹیفکیشن منصوبے کا معائنہ کیا اور تجاوزات کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مختلف فارمیسیز سمیت متعدد دکانوں کے باہر قائم تجاوزات فوری طور پر ختم کروانے کے احکامات جاری کیے۔
شبیر احمد ڈوگر نے واضح کیا کہ کالج روڈ کی خوبصورتی اور شہریوں کو بہتر ماحول کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ اپنی دکانوں کا سامان مقررہ حدود کے اندر رکھیں اور سڑکوں و فٹ پاتھوں پر تجاوزات قائم کرنے سے گریز کریں
انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی کا مقصد شہریوں کو آمدورفت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ شہر کو خوبصورت، صاف اور منظم بنانا ہے۔ ضلعی انتظامیہ تجاوزات کے خاتمے اور بیوٹیفکیشن منصوبوں کی کامیابی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے گی۔

Photos from ARF Digital's post 22/09/2026

لیہ: دریائے سندھ کے کٹاؤ سے متاثرہ علاقوں کا ڈپٹی کمشنر کا دورہ، مستقل حفاظتی اقدامات پر بریفنگ
بستی کنجال میں 10 سٹڈ بند زیر تعمیر، پانی کا رخ موڑنے کے لیے بیلے کو کیونٹ لگانے کی تجویز زیر غور، بھکر سے لیہ تک حفاظتی بند کی تعمیر کی تجویز بھی اعلیٰ حکام کو ارسال
لیہ : ڈپٹی کمشنر لیہ آصف علی ڈوگر نے موضع سمرا نشیب جنوبی کا دورہ کیا اور دریائے سندھ کے کٹاؤ سے متاثرہ بستی گرمانی سمیت دیگر علاقوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر لیہ زوہیب کریم، سابق ایم پی اے عبدالشکور سواگ اور ایکسین انہار حفیظ احمد بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے متاثرہ علاقوں کے مکینوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل و مشکلات دریافت کرتے ہوئے متعلقہ افسران سے موقع پر بریفنگ بھی لی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے کہا کہ دریائے سندھ کے کٹاؤ کے تدارک کے لیے عارضی اور مستقل بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں۔ بستی کنجال کے مقام پر 10 سٹڈ بند تعمیر کیے جا رہے ہیں، جبکہ پانی کا رخ موڑنے کے لیے بیلے کو کیونٹ لگانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کی جانب سے دریائے سندھ کے کٹاؤ کے مستقل تدارک کے لیے مختلف تجاویز اعلیٰ حکام کو بھجوائی گئی ہیں، جن میں بھکر سے لیہ تک حفاظتی بند کی تعمیر کی تجویز بھی شامل ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں دریائی کٹاؤ سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ضلعی انتظامیہ متاثرہ آبادیوں کے مسائل کے حل اور انہیں دریائی کٹاؤ سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے، متاثرہ علاقوں کے مکینوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
ایکسین انہار حفیظ احمد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بستی حسن خان کے تحفظ کے لیے بھی 10 سٹڈ بند تعمیر کرنے کی منظوری مل چکی ہے۔ حکومت کی جانب سے علاقے کو دریائی کٹاؤ سے محفوظ رکھنے کے لیے امبریلا اپروول بھی مل گئی ہے، جس کے بعد ٹیکنیکل اپروول کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔
انہوں نے بتایا کہ محکمہ انہار کی جانب سے جہاں ضروری ہوا، متعلقہ سکیم حکومت پنجاب کو فوری ارسال کر دی جائے گی۔ بستی گرمانی اور دیگر آبادیوں کو دریائی کٹاؤ سے محفوظ رکھنے کے لیے ضروری انفراسٹرکچر کے قیام کی سکیمیں بھی حکومت پنجاب کو ارسال کی جا رہی ہیں۔

Photos from ARF Digital's post 21/09/2026

کروڑ لعل عیسن میں سموگ کنٹرول مہم، کسانوں کی آگاہی ریلی
لیہ: محکمہ زراعت توسیع کروڑ لعل عیسن کے زیر اہتمام سموگ کنٹرول مہم کے سلسلے میں آگاہی ریلی نکالی گئی جس میں بڑی تعداد میں کسانوں نے شرکت کی۔ریلی کے دوران کاشتکاروں کو فصلوں کی باقیات، خصوصاً دھان کے مڈھ اور دیگر زرعی باقیات جلانے سے گریز کرنے کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی۔ اس موقع پر سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر بھی زور دیا گیا۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع کروڑ لعل عیسن شہباز حسین کھوکھر نے کہا کہ فصلوں کی باقیات جلانے سے فضائی آلودگی اور سموگ میں اضافہ ہوتا ہے، اس لیے کاشتکار فصلوں کی باقیات کو ہرگز آگ نہ لگائیں اور ماحول دوست زرعی طریقوں کو اپنائیں۔انہوں نے کہا کہ صاف اور صحت مند ماحول کے قیام کے لیے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، جبکہ سموگ اور فضائی آلودگی کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔

Photos from ARF Digital's post 21/09/2026

لیہ میں پہلی مریم نواز پریمیئر فٹبال لیگ 9 اکتوبر سے شروع ہوگی، 20 سے زائد ٹیمیں شریک ہوں گی
لیہ: ضلع لیہ میں پہلی بار مریم نواز لیہ پریمیئر فٹبال لیگ کا انعقاد کیا جائے گا، لیگ کا آغاز 9 اکتوبر جبکہ فائنل اور اختتامی تقریب 17 اکتوبر کو ہوگی۔ فٹبال لیگ میں ملک بھر سے 20 سے زائد ٹیمیں شرکت کریں گی جبکہ میچز مصنوعی روشنیوں میں کھیلے جائیں گے۔یہ فیصلہ ڈپٹی کمشنر لیہ آصف علی ڈوگر کی زیر صدارت مریم نواز پریمیئر لیہ فٹبال لیگ کے انتظامات کے جائزہ اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر اویس سرور، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز خضر ظہور، ایس ڈی ای او پیرا محمد طاہر، چیف ایگزیکٹو آفیسر تعلیم ڈاکٹر محمد قیوم، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ذوالفقار علی حیدری، ایم ڈی واسا عارف عباس، ڈی او سپورٹس امتیاز احمد بھٹی، سی او ضلع کونسل انفراسٹرکچر ساجد گشکوری، سی او ایم سی شبانہ رشید، ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی وقار بودلہ، فٹبال کوچ عارف چھینہ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں فٹبال لیگ کے انتظامات، ٹیموں کی شرکت، کھیل کے میدان کی تیاری، شائقین کے لیے سہولیات، ٹریفک اور سکیورٹی پلان سمیت دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے ہدایت کی کہ مریم نواز لیہ پریمیئر فٹبال لیگ کے لیے مثالی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ لیگ کے دوران شائقین فٹبال کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں، اس مقصد کے لیے فوڈ کورٹ، پارکنگ اور ٹریفک مینجمنٹ کا جامع پلان مرتب کیا جائے۔انہوں نے میچز کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنانے اور تمام متعلقہ محکموں کو باہمی رابطے کے ذریعے اپنی ذمہ داریاں بروقت مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ فٹبال لیگ کے انعقاد سے ضلع لیہ میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا جبکہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔

21/09/2026

لیہ: ایم ڈی کیٹ کے انتظامات مثالی قرار، لیہ میں مستقل ٹیسٹ سینٹر کے قیام کی نوید
لیہ: ضلع لیہ کے لیے ایک اور اعزاز، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے لیے کیے گئے انتظامات کو مثالی قرار دیتے ہوئے مستقبل میں لیہ میں مستقل ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ سینٹر کے قیام کی نوید سنا دی۔ڈپٹی کمشنر لیہ آصف علی ڈوگر نے بتایا کہ یونیورسٹی آف لیہ حافظ آباد کیمپس میں منعقدہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے دوران طلبہ، والدین اور گارڈینز کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے تھے جنہیں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی جانب سے سراہا گیا۔انہوں نے کہا کہ مستقل ٹیسٹ سینٹر کے قیام سے آئندہ لیہ اور گردونواح کے طلبہ کو میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز ایڈمیشن ٹیسٹ کے لیے بہتر اور آسان سہولیات میسر آئیں گی۔ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے موقع پر طلبہ اور ان کے والدین و گارڈینز بھی انتظامات سے مطمئن نظر آئے۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق ٹیسٹ سینٹر پر پارکنگ، صفائی ستھرائی، بیٹھنے، پینے کے صاف پانی، ٹرانسپورٹیشن، سکیورٹی اور دیگر ضروری سہولیات کو یقینی بنایا گیا تھا۔انہوں نے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے شفاف اور کامیاب انعقاد میں کردار ادا کرنے والے تمام متعلقہ اداروں، افسران اور اہلکاروں کو بہترین خدمات انجام دینے پر شاباش دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ طلبہ کو تعلیمی سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول اور ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔

Photos from ARF Digital's post 21/09/2026

تھل کو نخلستان میں بدلنے کی جانب اہم قدم، چوبارہ میں 20 ایکڑ کھجور فارم کا افتتاح
لیہ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ضلع لیہ میں ایگرو فاریسٹری منصوبے پر عملی کام کا آغاز کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر لیہ آصف علی ڈوگر نے تحصیل چوبارہ کے ٹرکو اڈا کے مقام پر حکومت پنجاب کی زرعی سبسڈی کے تحت قائم کیے جانے والے 20 ایکڑ پر مشتمل النور کھجور فارم کا افتتاح کر دیا۔افتتاح کے موقع پر چیف آفیسر میونسپل کمیٹی چوبارہ ارسلان احمد، محکمہ واٹر مینجمنٹ، زراعت، جنگلات کے متعلقہ افسران اور فارم مالکان بھی موجود تھے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے کہا کہ جدید زرعی طریقوں، مناسب منصوبہ بندی اور مسلسل محنت سے صحرائے تھل کو نخلستان میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ ترقی پسند کاشتکاروں کا ایگروفاریسٹری منصوبہ اس امر کی عملی مثال ہے کہ حکومتی معاونت اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تھل کے علاقے کو زرعی پیداوار اور معاشی سرگرمیوں کا مؤثر مرکز بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایگروفاریسٹری منصوبے کے لیے حکومت پنجاب کی جانب سے 70 فیصد سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے، جس سے زرعی پیداوار میں اضافے کے ساتھ ماحول کے تحفظ، شجرکاری کے فروغ اور مقامی سطح پر روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ڈپٹی کمشنر نے منصوبے کے قیام پر فارم انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی زرعی پالیسیوں اور سبسڈی پروگرامز سے استفادہ کرتے ہوئے جدید کاشتکاری کو فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ بنجر اور کم پیداواری زمینوں کو بھی معاشی طور پر کارآمد بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے منصوبے صحرائے تھل میں زرعی ترقی کے لیے نئی راہیں ہموار کریں گے۔

Want your business to be the top-listed Media Company in Layyah?
Click here to claim your Sponsored Listing.

Website

Address

Near GPO Layyah
Layyah
31200